محکمہ زراعت کی جانوروں کو سبز چارے کی فراہمی کے لئے فصل بر وقت کاشت کرنے کی ہدایت

بدھ 27 مارچ 2024 13:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) کاشتکار موسم گرما میں جانوروں کو سبز چارے کی فراہمی کے لئے چری، روڈز گراس، گنی گھاس، کلر گھاس، جنتر، سدابہار، گوارہ، باجرہ، رواں، ماٹ گراس سمیت خریف کی کاشت بر وقت کریں۔محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار و مویشی پال حضرات موسم گرما میں مویشیوں کے چارے کی قلت دور کرنے کےلئے مکئی اور جواربھی کاشت کرسکتے ہیں، زرعی سائنسدانوں کی جانب سے اس ضمن میں جانوروں کو سبز چارے کی فراہمی کےلئے معیاری اقسام متعارف کروائی جا رہی ہیں۔

سبز چارے کی کاشت کےلئے زمین کی زرخیزی میں اضافے کےلئے گوبر کی گلی سڑی کھاد 15گڈے فی ایکڑ ڈالنے کے بعد کھیت میں مٹی پلٹنے والا ہل ایک بار اور عام ہل 3بار چلا کر سہاگہ سے زمین کو ہموار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گوبر کی کھاد انتہائی زبردست نتائج کی حامل ہوتی ہے لیکن اگر کسی وجہ سے گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہو تو دیگر مصنوعی کھادوں کا سہارا لیا جا سکتاہے، قدرتی کھاد کی عدم دستیابی کی صورت میں فی ایکڑ 3بوری ایس ایس پی اور آدھی بوری یوریا کھاد ڈالی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ مویشی پال اور کاشتکار حضرات مارچ کے اختتام و اپریل کے شروع تک جوار اورسدابہار سبزچارہ کاشت کر سکتے ہیں۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ جانوروں کی خوارک کا سب سے بڑا ذریعہ سبز چارہ ہے اس لئے اس کی معیاری اقسام کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، چارہ جات میں کمی کی بنیادی وجوہات میں کسانوں کی سبز چارے کی ترقی دادہ اقسام کے بیج اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے عدم واقفیت ہے اس لئے یہ زرعی ماہرین اور عملے کی ذمہ داری ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے کاشتکاروں کو بروقت آگاہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ سدا بہار چارے کی بروقت کاشت سے کاشتکار زیادہ سے زیادہ کٹائیاں حاصل کرسکتے ہیں تاہم سدا بہار کو ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پر بذریعہ ڈرل لائنوں میں کاشت کرناچاہیے اور اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ بیج زیادہ گہرا نہ ہو کیونکہ اس طرح اگاؤ متاثر ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار لینے کےلئے برسیم اور لوسرن کی کٹائی کے بعد فوری طور پر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈال کر آبپاشی بھی ضروری ہے، کاشتکار برسیم اور لوسرن کی حسب ضرورت آبپاشی کرسکتے ہیں تاہم لوسرن کی فصل کو ہر کٹائی کے بعد ایک پانی لگانا ضروری ہے۔