پی سی بی نے انٹرکلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا، کلب کرکٹ کسی بھی قومی کرکٹ ڈھانچے کا اہم جزو ہے، محسن نقوی

بدھ 27 مارچ 2024 16:15

پی سی بی نے انٹرکلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا، کلب کرکٹ کسی بھی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے انٹر کلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جو آئندہ ماہ کے دوران ملک کے 16ریجنز میں کھیلاجائے گا ۔ پی سی بی آئین 2014کے تحت تمام رجسٹرڈ کرکٹ کلب ( فعال اور غیر فعال) اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ترجمان کے مطابق2023 کے انتخابات کے بعد جو تازہ ترین سکروٹنی ہوئی ہے وہ نوٹیفائیڈ لسٹ حتمی تصور کی جائے گی ۔

ا س کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کلبوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی کھولے گا اور دلچسپی رکھنے والے کلب متعلقہ ڈسٹرکٹ/ژونل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ماڈل آئین کے مطابق ڈسٹرکٹ/ ژونل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ نئی رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں کھیلنے کے حقوق مل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اضلاع کو شیڈول کو حتمی شکل دینے کا کام سونپا گیا ہے، ابتدائی طور پر اس کی نگرانی متعلقہ ریجنز اور بعد میں پی سی بی کرے گا۔

پول مرحلے میں ہر کلب کم از کم تین میچ کھیلے گا۔ یہ ون ڈے ٹورنامنٹ پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کھیلا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کلب کرکٹ کسی بھی قومی کرکٹ ڈھانچے کا ایک اہم جزو ہے اور پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت اور تاریخ موجود ہے۔ پی سی بی کلب کرکٹ کے پرانے مسابقتی کلچر کو بحال کرنے اور کلب کی سطح پر خواہشمند کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے، مجھے یقین ہے کہ پی سی بی انٹر کلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور ہمیں باصلاحیت کھلاڑی میسر آسکیں گے۔

عبداللہ خرم نیازی ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز نے کہا کہ ہمیں ملک کے 16علاقوں میں انٹر کلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ملک بھر کے سینکڑوں کرکٹ کلبوں کو معیاری اور مسابقتی کرکٹ فراہم کرنا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے وژن کے مطابق ہم اس ٹورنامنٹ میں 6000سے زائد میچوں کا اہتمام کرنے کے منتظر ہیں۔