آئی پی ایل پرشوہرکے جوئے کی لت بیوی کی موت کا سبب بن گئی

بدھ 27 مارچ 2024 16:24

آئی پی ایل پرشوہرکے جوئے کی لت بیوی کی موت کا سبب بن گئی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کے دوران شوہر کی جوا بازی میں ہار بھارتی خاتون کی خودکشی کی وجہ بن گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹکا سے تعلق رکھنے والا درشن بابو پیشہ ورانہ طور پر انجینئر ہے، جوئے کی لت میں مبتلا درشن 2021 سے آئی پی ایل پر پیسہ لگارہا ہے، جوئے میں پیسہ ہارنے کے بعد درشن اس ہار کے نقصان کو ادھار پیسے لے کر پورا کرتا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ درشن بابو ایک کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپوں کا مقروض تھا، قسمت نے ساتھ نہیں دیا اور ایک بار پھر درشن اپنی ساری رقم جوئے میں ہار بیٹھا، اس ہار کے بعد اس نے قرض داروں کے ایک کروڑ تو واپس لوٹادیے تاہم 84 لاکھ کا مقروض رہا۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق ادھار دینے والے جب اپنی رقم کا مطالبہ کرتے تو اس دوران وہ درشن کی 23 سالہ بیوی رنجیت کو بھی ہراساں کرتے جس پر خاتون نے لوگوں کے ادھار واپس مانگنے سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کی لاش 18 مارچ کو ریاست کرناٹکا کے علاقے چترادرگا میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔ رنجیت نامی بھارتی خاتون نے 2020 میں درشن سے شادی کی تھی، درشن اور رنجیت کا دو سال کا بیٹا ہے۔ پولیس کو تفتیش کے دوران خودکشی کا ایک نوٹ بھی ملا جس میں خاتون نے قرض داروں کے ہراساں کیے جانے سے متعلق بتایا تھا۔