لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا آئینی حق ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ریمارکس

بدھ 27 مارچ 2024 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے ہیں کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا آئینی حق ہے، انھوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روزدیے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کوبتایاکہ پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرایا جائے تو پولیس دھاوا بول دیتی ہیں، ہم کارنر میٹنگ بلاتے ہیں تو پولیس پہنچ جاتی ہے، ہم نے اسلام آباد میں جلسہ کرنا ہے، آئین اور قانون کے تحت ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے،عدالت نے پوچھاکہ کیا ابھی اسلام آباد میں دفعہ 144 ہی اس وکیل نے بتایاکہ اس وقت دفعہ 144 نہیں مگر جس دن پی ٹی آئی کا جلسہ ہوتا ہے، اسی دن دفعہ 144 ضرور لگتی ہے، ہم سیاسی جماعت ہے ہمیں دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح حقوق دیئے جائیں،ہم آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہیں، مگر احتجاج بھی ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے ہیں کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا آئینی حق ہے بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔