ٹیکس سسٹم کاروبار دوست بنایا جائے، ایس آر او 420کے تحت تاجر دوست سکیم 2024پر تحفظات رکھتے ہیں، کاشف انور

بدھ 27 مارچ 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ ٹیکس سسٹم کاروبار دوست بنائے بغیر معاشی مسائل حل نہیں کیے جاسکتے، ایس آر او 420کے تحت متعارف کرائی گئی تاجر دوست سکیم 2024پر تحفظات رکھتے ہیں جنہیں دور کیا جائے۔ سٹیک ہولڈرز کو پالیسی سازی کے عمل میں شریک کیا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جائیں۔

وہ معاشی چیلنجز اور ان کے حل کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ کاشف انور نے کہا کہ ایس آر او 420 جس کے تحت تاجر دوست سکیم 2024متعارف کرائی گئی ہے جس کے بارے میں لاہور چیمبر کو شدید تحفظات ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے کاروباری افراد جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں اور جنہوں نے کبھی بھی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائی ، ان کو اس سکیم کے تحت ہر ماہ ایڈوانس ٹیکس جمع کروانے کا کہا گیا ہے جو عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے دکانداروں کا واسطہ ٹیکس لائرز سے پڑا رہے گا ۔ دوسرا دکان کا ایریا اور پراپرٹی کی ویلیو کے حساب سے ٹیکس کا تعین کیا جائے گاجس کا کسی سیل سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس ٹیکس کو سادہ بنایا جائے اور دکاندار سال میں صرف ایک مرتبہ سنگل پیج ریٹرن جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو سہولیات ، مراعات دی جائیں اور جیسے VTCS-2016متعارف کرایا گیا تھا اسی طرز پر اس ایس آر کے بارے میں وضاحت کے ساتھ لوگوں کو بتایا جائے۔

متعلقہ عنوان :