انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں گورنمنٹ نیشنل کالج اور گورنمنٹ کالج فارمین ناظم آباد کی کامیابی

بدھ 27 مارچ 2024 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں گورنمنٹ نیشنل کالج اور گورنمنٹ کالج فارمین ناظم آباد نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابیاں حاصل کرلیں، عبدل رافع اور روحیل نصار کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون اور ریجنل کر کٹ ایسو سی ایشن کراچی کے زیر اہتمام منعقد کردہ انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگیا۔

آئی بی اے کراچی یونیورسٹی گرائونڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں گورنمنٹ نیشنل کالج نے گورنمنٹ پاک شپ اونرز کالج کو 54رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ گورنمنٹ نیشنل کالج نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 173 رنز بنائے۔ محمد سفیان نے 38 ، فہد درانی نے 33 ، عبدل رافع اور دانیال جنید نے 26- 26 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سیف اللہ نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

جواب میں گورنمنٹ پاک شپ اونرز کالج کی ٹیم 119 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔نور زمان نے 25 ، عبد اللہ خان نے 24 اور عبدل رافع الحق نے 21 رنز بنائے۔ آف اسپنر عبدل رافع نے 23 رنز دیکر 4 ، ریان افر یدی نے 24 رنز دیکر 3 اور محمد سفیان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے پلیئرآف دی میچ کا پانچ ہزار روپے کا ایوارڈ گورنمنٹ نیشنل کالج کے عبدل رافع کو دیا۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر راحت علی شاہ، اعظم خان، عارف وحید اور زیب اقبال بھی موجود تھے۔عید گاہ گرائونڈ ناظم آباد پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد نے ہیپی پیلس کالج کو باآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ہیپی پیلس کالج کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 66 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ ارہم آصف نے 21 اور فراز حسین خان نے 16 رنز بنائے۔

میڈیم پیسر روحیل نصار نے 8 رنز دیکر 3 جبکہ بر ھان محمود اور عبداللہ نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد نے بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ 68 رنز بنا لئے۔غازی غور ی نے 10 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 60 رنز بنائے۔کھیل کے اختتام پر فرسٹ کلاس کرکٹر آغاصابر نے روحیل نصار کو پلیئر آف دی میچ کا پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔