رمضان المبارک ہاکی ٹورنامنٹ ، پاکستان ویٹرنز وائٹ ، کراچی فٹنس کلب اور سی ہاک کی سیمی فائنل میں رسائی

بدھ 27 مارچ 2024 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) تیسرا مہتاب چائولہ فلڈ لائٹ رمضان المبارک ہاکی ٹورنامنٹ 2024کے تیسرے روز بھی تین میچزکھیلے گئے۔پہلے میچ میں پاکستان ویٹرنز وائٹ نے پی ٹی سی ایل کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکشت دی۔ پاکستان ویٹرنز وائٹ کی جانب سے اولمپئین کاشف جواد نے تین، اولمپئین سمیر حسین نے دو اور حنیف شہزاد نے ایک گول اسکور کیا جبکہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے دونوں گول مقصود کرنے میں کامیاب رہے۔

دوسرے میچ میں سی ہاک نے سینٹرل فٹنس کلب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکشت دی۔

(جاری ہے)

سی ہاک کی جانب سے اکرم اور نزاقت نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ تیسرے میچ میں کراچی فٹنس کلب نے اپنی جیت کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ناظم آباد مجاہد کو ایک کے مقابلے میں آٹھ گول سے ہرا کر جیت اپنے نام کر لی۔کراچی فٹنس کلب کی جانب سے افتخار نے چار گول کیے جس میں اس کی ہیٹرک بھی شامل ہے۔اسکے علاوہ عمران مائن ہارٹ اور عرفان علی نے ایک ایک گول جبکہ رضوان نے دو گول اسکور کر کے مخالف ٹیم کو بری طرح آئوٹ کلاس کردیا۔ناظم آباد مجاہد کی جانب سے نعمان عالم ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔میچ میں فیلڈ جیوری کے فرائض محمد واحد حسین، طارق،اسد ظہیر،اسماعیل رئوف اور آپا سعیدہ نے انجام دیئے۔