پاکستان میں ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی کی اعظم نذیر سے ملاقات

ملاقات میں ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر زور

بدھ 27 مارچ 2024 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان میں ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے وزارت قانون میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر سے خیر سگالی ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے خوشگوار تباد لہ خیالات کرتے ہوئے ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے ان مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار پر زور دیا جن میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

ملاقات کے دوران، باہمی اشتراک کار کے مختلف پہلو ں پر بات چیت ہوئی جس کا محور تعلیم اور قانون کے شعبوں پر خصوصی توجہ تھی۔ وزیر قانون نے پاکستان میں ترکی کے سفیر کو تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا، وفاقی وزیر قانون نے تعلیمی مواقع کو بڑھانے کیلئے کیے گئے اقدامات کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جو کہ پہلے ہی پاکستان کی ترجیحی فہرست میں موجودہیں۔

(جاری ہے)

دونوں قوموں کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کا اعادہ کیا گیا، جو خطے اور اس سے باہر امن، خوشحالی اور ترقی کی مشترکہ خواہشات کی عکاسی کرتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے ترکی اور پاکستان کے درمیان تعاون اور دوستی کے بندھن کو مزید گہرا کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔