لاہورہائیکورٹ نے سینیٹر اعجاز چوہدری کیخلاف دو کیسوں میں جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 28 مارچ 2024 14:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سینیٹر اعجاز چوہدری کیخلاف دو کیسوں میں جیل ٹرائل کے خلاف دائر درخواست پر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔دوران سماعت اعجاز چوہدری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ14مقدمات درج ہیں،مقدمات میں پانچ سو ملزمان نامزد ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا کہ بتایا گیا ہے کہ چند افراد کا جیل میں ٹرائل ہو رہا ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف جو مقدمات ہیں ان میں باقی تمام ملزمان کا جیل میں ٹرائل ہو رہا ہے۔عدالت نے کہا کہ سرکاری وکیل بتائیں کہ مقدمہ میں کتنے افراد گرفتار ہوئے۔ بعدازاں عدالت نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔