اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی شکایات تشویشناک ہیں، یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے

جج بیرونی دباو کا شکار نہ ہوں، ججوں کو کوئی خاص فیصلہ کرنے کے لیے کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، بیان

جمعرات 28 مارچ 2024 15:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی شکایات تشویش ناک ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط پر برطانیہ کی یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ عدلیہ کی آزادی اہم ہے، یہ آئین اور جمہوریت کا اہم ستون ہے، عدالتوں میں ججوں کی غیر جانبداری اور آزادی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہاکہ ججوں پر بیرونی دبائو قانون کی حکمرانی کے اصول کو نقصان پہنچاتا ہے، جج بیرونی دباو کا شکار نہ ہوں، ججوں کو کوئی خاص فیصلہ کرنے کے لیے کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔بیان میں یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا کہ ایجنسیوں کا ججز کو ہدایات دینا عدالتی آزادی کو مجروح کرتا ہے، عدلیہ میں ایسی مداخلت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری تحقیقات کریں، ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔بیان میں یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے یہ بھی کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کارروائی کریں تاکہ ججز بغیر کسی خوف کے آزادانہ طور پر انصاف کریں۔