انٹرکالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ، گورنمنٹ کالج 36 بی لانڈھی اور گورنمنٹ جناح کالج کی مسلسل دوسری کامیابی

جمعرات 28 مارچ 2024 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں گورنمنٹ کالج 36بی لانڈھی اور گورنمنٹ جناح کالج نے اپنے اپنے میچ جیت کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی،احد علی اور رضوان خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے منعقد کردہ انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ کے نائٹ میچز میں گزشتہ روز مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔

آئی بی اے کراچی یونیورسٹی گرائونڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں گورنمنٹ کالج 36بی لانڈھی نمبر چار نے گورنمنٹ کالج آصف آباد کو 54رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔گورنمنٹ کالج 36بی لانڈھی نمبر 4 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 125رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سفیان نے2چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 44اور عبداللہ نے 36رنز بنائے۔ کا شان فرہاد نے 3اور عبدل کبیر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں گورنمنٹ کالج آصف آباد کی ٹیم 71رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔عزیر شاہ نے 19 رنز بنائے۔ آف اسپنر محمد احد علی نے 9رنز دیکر 4جبکہ حسن علی خان اور سیف اللہ خان نے 2،2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر سابق ٹیسٹ کرکٹر اعظم خان نے احد علی خان کو پلیئر آف دی میچ پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا ۔ اس موقع پر راحت علی شاہ، عارف وحید ، افضل قریشی اور آغا صابر بھی موجود تھے۔

عید گاہ گرائونڈ ناظم آباد پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں گورنمنٹ جناح کالج نے بھی بیکن ہائوس سسٹم کی ٹیم کو 9وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ بیکن ہائوس سسٹم کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 94رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ علی خان نے 17رنز بنائے۔غوث ابراہیم اور عبداللہ اشفاق نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں گورنمنٹ جناح کالج نے ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ 95رنز بنا لئے۔رضوان خان نے 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 51اور سید کاشان فہیم نے آئوٹ ہوئے بغیر 19 رنز بنائے۔ کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی سابق انٹر نیشنل کرکٹر محمود حامد نے رضوان خان کو پلیئر آف دی میچ پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔