بہاول پور، پرائیوٹ سکول مافیا کی من مانیاں

حکومتی احکامات نظرانداز، غریب والدین کی مزیدکمرتوڑنے کیلئے فیسوں میں اضافے سمیت اپنا سلیبس بنواکر زبردستی نافذ کرنے جیسے اقدامات کاانکشاف

جمعرات 28 مارچ 2024 20:31

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) پرائیوٹ سکول مافیا کی من مانیاں، حکومتی احکامات نظرانداز، غریب والدین کی مزیدکمرتوڑنے کیلئے فیسوں میں اضافے سمیت اپنا سلیبس بنواکر زبردستی نافذ کرنے جیسے اقدامات کاانکشاف، محکمہ تعلیم کی پراسرارخاموشی، سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے نوٹس میں بھی معاملہ دے دیاگیا، فوری کاروائی کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پنجاب بھرمیں پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے سلیبس کو منظور کیاگیاتھا اور ہدایت کی گئی تھی کہ تمام پرائیوٹ اورپبلک سکولوں میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کاسلیبس ہی پڑھایاجائے گا لیکن بہاولپورکے کچھ پرائیوٹ سکولوں نے ان احکامات کومکمل نظراندازکرتے ہوئے اپنی من مانیاں شروع کردی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک طرف اتنی مہنگائی کے حالات میں غریب والدین پرفیسوں میں اضافے کا بوجھ ڈال دیاگیاہے جبکہ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے بجائے اپناذاتی سلیبس چھپواکربچوں کے والدین کومجبورکیاجارہاہے کہ وہ یہ سلیبس خریدیں جبکہ مارکیٹ میں پرائیوٹ سکولوں کاسلیبس ان کی مقرر کی گئی مخصوص بک شاپ سے ہی لیاجاسکتاہے جہاں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے سلیبس کی قیمتوں اوران پرائیوٹ سکولوں کے اپنے بنائے ہوئے سلیبس کی قیمتوں میں زمین آسمان کافرق پایاگیاہے ۔

ماڈل ٹائون اے کے ایک پرائیوٹ سکول میں تعلیم حاصل کرنیوالے ایک بچے کے والدنے میڈیاکوبتایاکہ ان کے بیٹے کے ساتویں کلاس کاسلیبس پرائیوٹ سکول نے 90فیصد تبدیل کردیاہے اوراپناذاتی سلیبس چھپواکر مجبور کیاجارہاہے کہ ویلکم چوک پرموجود کاروان بک سنٹرسے وہ سلیبس خریداجائے جب سلیبس کی قیمتوں کاپتہ کیاگیاتو انکشاف ہواکہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کاساتویں کلاس کاسلیبس ڈھائی سے تین ہزار میں دستیاب تھا جبکہ اس پرائیوٹ سکول کااپناذاتی چھپوائے گئے سلیبس کی قیمت 10سے 12ہزار روپے بتائی گئی۔

اس صورتحال پر جب محکمہ تعلیم کے ایک اعلیٰ افسر سے رابطہ کرکے معاملے کابتایاگیاتو ان کی جانب سے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں اُٹھائے گئے اورپراسرارخاموشی ظاہرکی گئی جبکہ پرائیوٹ سکول مافیا کے اس ظالمانہ اورغیرمنصفانہ اقدام کے حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹراحتشام انور کوبھی معاملہ نوٹس میں دے دیاگیا ہے جبکہ بچوں کے والدین سمیت عوامی ،سماجی، سیاسی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ، کمشنر بہاولپور،ڈپٹی کمشنر بہاولپورسے پرزورمطالبہ کیاہے کہ پرائیوٹ سکولوں کی جانب سے فیسوں کے بڑھانے اور زبردستی اپناسلیبس نافذ کرنے جیسے غیر قانونی اورظالمانہ اقدام کافوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اورجومحکمہ تعلیم کے افسران ان اقدامات میں پرائیوٹ سکول مافیاکی پشت پناہی کررہے ہیں ان کے خلاف بھی سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لاتے ہوئے فوری طورپرفیسوں میں اضافے اورذاتی سلیبس کے نفاذ کے اقدامات کوواپس کروانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔