احمد پورشرقیہ میں ڈی پی او کی سربراہی میں ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کی پتنگ کی قاتل ڈور سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم کا انعقاد

جمعرات 28 مارچ 2024 21:43

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان کی سربراہی میں ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کی پتنگ کی قاتل ڈور سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا ہے ،ڈی ایس پی ٹریفک ، ایس ایچ او اور دیگر سٹاف نے شہریوں کی موٹر سائیکلز پر حفاظتی راڈ/وائر لگائیں جس سے کسی بھی طرح کی ڈور سے زخمی ہونے کے چانسز بہت کم ہو جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان کی زیر سرپرستی ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو پتنگ کی قاتل ڈور سے محفوظ رکھنے کے لئے موٹر سائیکلز پر حفاظتی راڈ/وائر لگائے گئے ، حفاظتی راڈ/وائر کا مقصد ہے عوام الناس کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے ،راڈ کے لگانے سے ڈور سے زخمی ہونے کے چانسز بہت کم ہوجاتے ہیں اور اس عمل سے ہم کئی انسانی زندگیوں کو بچا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع پولیس اور ٹریفک سٹاف نے اس حوالے سے شہریوں کو اس بارے آگاہی فراہم کی تاکہ شہری خود بھی اپنی اور اپنے پیاروں کی جان کی حفاظت کر سکیں،پتنگ بازی کے خلاف پولیس کی طرف سے سخت ایکشن لینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک درجنوں پتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کو پولیس جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچا چکی ہے۔ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پتنگ بازی سے اجتناب کریں اور حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنائیں۔\378