ٴْآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے آفیشئیٹنگ انسپکٹرز کو کنفرمیشن دے دی

جمعرات 28 مارچ 2024 22:30

۔لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے پروموٹ ہونے والے آفیشئیٹنگ انسپکٹرز کو کنفرمیشن دے دی ہے۔ پنجاب پولیس میں 2019/20 میں پروموٹ ہونے والے آفیشیٹنگ انسپکٹرز کی کنفرمیشن تعطل کا شکار تھی جس کے پیش نظر آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ افسران کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے 118 انسپکٹرز کو کنفرم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس میں انسپکٹرز (جنرل ایگزیکٹو برانچ) کی 172 خالی آسامیوں پر پروموشن کیلئے کنفرم سب انسپکٹرز کا ریکارڈ سی پی او طلب کر لیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز 2012 تک کے کنفرم سب انسپکٹرز کا ریکارڈ سی پی او بھیجیں۔ آئندہ چند روز میں محکمانہ پروموشن بورڈ کا اجلاس متوقع، میرٹ کے مطابق مزید ترقیاں کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ انسپکٹر لیگل کا تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں کی فہرست آئندہ چند روز میں شائع کر دی جائے گی۔ انسپکٹر لیگل کی خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن نے تحریری امتحان کا انعقاد کیا تھا۔