ضلع استور میں موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر استور نے افتتاح کیا

جمعہ 29 مارچ 2024 13:50

استور ،29 مارچ (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) محکمہ زراعت ضلع استور نے ضلع بھر میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب باب العلم پبلک سکول فینہ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر استور زید تھے۔ ڈپٹی ڈاریکٹر محکمہ زراعت ڈاکٹر شاکر اللہ،عمائدین فینہ سکول کے طلبا اور عوام کی ایک کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استور نے کہا درخت لگانا سنت نبویؐ ہے۔ اور ہم سب پر لازم ہے کہ سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جسم کے لیے درکار آکسجن گیس پیدا کرتے ہیں ۔درختوں کے بے دریغ کٹاؤ کے باعث آج دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ پھلدار درخت اُگا کر ہم زرمبادلہ کماسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ درختوں سے ہم اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے تقریب منعقد کرنے پر محکمہ زراعت، عمائدین فینہ اور باب العلم پبلک سکول انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی۔ ڈپٹی ڈاریکٹر محکمہ زراعت ڈاکٹر شاکر اللہ نے کہا کہ اس سال ضلع استور میں تقریباً ایک لاکھ کے قریب پھل دار درخت مقامی لوگوں کو فراہم کیے گئےہیں اور تقریباً پچاس ہزار کے قریب پودے مقامی نرسریوں سے بھی فراہم کیے گئےہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر لوگوں کو پھل دار درختوں کے فوائد اور نگہداشت کے حوالے سے جدید تکنیکی بنیادوں پر تربیت بھی فراہم کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر استور نے چیری کے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔