کاکول میں سخت ٹریننگ،بعض کھلاڑیوں نے تھکاوٹ کے باعث کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کی

کاکول کیمپ کا پہلا روز قومی کھلاڑیوں کے لیے سخت ثابت ہوا ،پاکستانی کرکٹرز کی دوسرے روز بھی ٹریننگ جاری ہے، ذرائع

جمعہ 29 مارچ 2024 15:54

کاکول میں سخت ٹریننگ،بعض کھلاڑیوں نے تھکاوٹ کے باعث کرسی پر بیٹھ کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے کاکول اکیڈمی میں آرمی ٹرینر کی زیر نگرانی ٹریننگ شروع کردی ہے ، جہاں کرکٹرز کی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف ڈریلز کرائی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق کاکول کیمپ کا پہلا روز قومی کھلاڑیوں کے لیے سخت ثابت ہوا جبکہ پاکستانی کرکٹرز کی دوسرے روز بھی ٹریننگ جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ افطار سے قبل کھلاڑیوں کی فیزیکل ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا،کھلاڑیوں نے ڈھائی گھنٹے پر مشتمل فیزیکل ٹریننگ سیشن کیا۔ذرائع کے مطابق روزیدار کھلاڑیوں نے بھی یکساں فیزیکل ٹریننگ میں شرکت کی، کھلاڑیوں کے درمیان آج رسہ کشائی کا کھیل بھی کھیلا گیا۔ذرائع کے مطابق فزیکل ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ افطار کے بعد شروع ہوا جوکہ تین گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ٹریننگ کے باعث بیشتر کھلاڑیوں کو گزشتہ رات سخت تھکاوٹ محسوس ہوئی، چند کھلاڑیوں نے نماز عشاء کرسی پر بیٹھ کر ادا کی۔ذرائع کے مطابق پہلے روز کھلاڑیوں نے دو کلومیٹر دوڑ لگائی جبکہ جم سیشن کے دوران کھلاڑیوں کی 5 مختلف فیزیکل ٹریننگ ہوئی جس کے بعد کاکول کیمپ کے دوسرے روز بیشتر کھلاڑی تاخیر سے جاگے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا آرمی کے تعاون سے قومی کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ ایبٹ آباد کی کاکول اکیڈمی میں لگایا گیا ہے جو کہ 8 اپریل تک جاری رہے گا۔کیمپ میں پی سی بی نے 29 کھلاڑیوں کو طلب کیاہو اہے۔