حضرت مجدد الف ثانی ؒ کے عرس میں شرکت کے لئے زائرین کی قرعہ اندازی

جمعہ 29 مارچ 2024 19:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) بھارت میں حضرت مجدد الف ثانی ؒ کے عرس میں شرکت کے لئے زائرین کی قرعہ اندازی جمعہ کو وزارت مذہبی امور میں ہوئی ۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سیّد عطاء الرحمٰن نے وزارت کے کمیٹی روم میں بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل زیارات ونگ کے افسران نے سیکرٹری مذہبی امور کو بتایا کہ عرس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے 400درخواستیں موصول ہوئیں ،بعد ازاں قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد سیکرٹری سیّد عطاء الرحمٰن نے قرعہ اندازی کے نتائج پر دستخط کرکےمنظوری دی۔

واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور کے شعبہ زیارت نے قرعہ اندازی کے نتائج ویب سائٹ پر جاری کر دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ کامیاب ہونے والے عقیدت مندوں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی اطلاع فراہم کی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں زائرین بھارت کے ویزہ کیلئے آن لائن فارم مکمل کر کے اپنے پاسپورٹ وزارت روانہ کریں گے۔ وزارت مذہبی امور 1974 کے معاہدے کے تحت بھارت میں مذہبی زیارات کا انتظام مکمل کرتی ہے۔ پاکستانی عقیدت مند بھارت میں 6 بزرگان دین کے مزارات پر حاضری دیتے ہیں ۔