آرپی اوراولپنڈی نے ریجنل دفتر میں تعینات مسیحی برادری کے ملازمین کو آمدہ ایسٹر کی خوشی میں انعامات تقسیم کیے

مسیحی برادری محنتی اور فرض شناس ہے جو پاکستان کے تمام اہم اداروں میں اپنے فرائض منصبی دیانتداری اور دلجمعی سے سرانجام دے رہے ہیں، بابر سرفراز الپا

جمعہ 29 مارچ 2024 20:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ریجنل دفتر میں تعینات مسیحی برادری کے ملازمین کو آمدہ ایسٹر کی خوشی میں انعامات تقسیم کیے، انعامات تقسیم کرنے کے لیے آر پی او نے تمام ملازمین کو اپنے دفتر میں خصوصی طور پر مدعو کیا۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے آمدہ ایسٹر کے تہوار کے سلسلہ میں ریجنل دفتر میں تعینات مسیحی برادری کے ملازمین کو انعامات کی تقسیم کے لیے خصوصی طور پر اپنے دفتر مدعو کیا۔

انعامات حاصل کرنے والوں میںہیڈ کانسٹیبل سلیمان اقبال ، کانسٹیبل کامران وکٹر، کاشف رشید مسیح ، کاشف مسیح، بابر مسیح ،امجد مسیح اور عامر مسیح شامل تھے۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی نے اس موقع پر مسیحی ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپکو مدعو کرنے کا مقصد آپکو یہ باور کروانا ہے کہ ہم آپکی خوشیوں میں شریک ہیں اور آپکو ہر موقع پر اس بات کا احساس دلاتے رہیں گے کہ آپ ہماری کمیونٹی کے ایک اہم رکن ہیں۔

ریجنل پولیس دفتر میں تعینات مسیحی ملازمین اپنی ذمہ داریاںبھرپور انداز میں سرانجام دے رہے ہیںجنکی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںجبکہ پاکستان بھر میںمسیحی برادری تمام اہم اداروں میں اپنے فرائض منصبی دیانتداری اور دلجمعی سے سرانجام دے رہے ہیں۔آرپی او راولپنڈی نے مسیحی ملازمین کو آمدہ ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے نقد انعامات تقسیم کرتے ہوئے انکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر تمام مسیحی ملازمین نے آر پی او راولپنڈی کاتقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔