ٹی بی کے عالمی دن کے حوالے سے جیکب آباد میں تقریب کا انعقاد

ٹی بی کے مریضوں کا مختلف تنظیموں کے تعاون سے مفت معائنہ اور علاج کیا جا رہا ہے،ڈاکٹرعبدالغفار رند

جمعہ 29 مارچ 2024 20:50

ْجیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) ٹی بی کے عالمی دن کے حوالے سے جیکب آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹی بی پر کام کرنے والے عملے سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی کے مریضوں کا مختلف تنظیموں کے تعاون سے مفت معائنہ اور علاج کیا جا رہا ہے۔

کونٹیک انٹرنیشنل ہیلتھ کنسلٹنٹ کے نصراللہ نائچ نے کہا کہ ان کی تنظیم ضلع میں ٹی بی کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے مفت معائنہ اور مفت علاج پر کام کر رہی ہے۔جمس کے ڈائریکٹر عبدالکریم جمالی نے کہا کہ جمس میں ٹی بی کے مریضوں کے مفت معائنے اور علاج کے لیے ایک بنیادی انتظامی یونٹ بھی ہے جہاں مریضوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ٹی بی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر واجد بھٹو نے بتایا کہ پورے ضلع کے تینوں تحصیلوں میں ٹی بی کے مریضوں کی سہولت کے لیے 12 بنیادی انتظامی یونٹس اور4 جین ایکسپرٹ مشینیں فراہم کی گئی ہیں جہاں پر ایکسرے سمیت ٹی بی کے مریضوں کا مفت ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے اور علاج سمیت ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر الزمان بھٹو، ڈاکٹر شفیق حیدر برڑو، ڈاکٹر غلام محمد ٹالانی، ڈاکٹر خورشید بھٹو، جان اوڈھانو، گل بلیدی، ارشاد بلوچ، سعادت سومرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :