جبوتی میں پاکستان کے سفارت خانہ کے زیر اہتمام 84 ویں یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریب، پاک - جبوتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 30 مارچ 2024 10:00

جبوتی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2024ء) جمہوریہ جبوتی کے سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور سفیر محمود علی حسن نے پاکستان اور جبوتی کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے جبوتی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے عوام اور پورے خطے کے مفاد کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمہوریہ جبوتی میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام 84 ویں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب کے مہمان خصوصی جبوتی کی قومی اسمبلی کے صدر دالیتا محمد دالیتا تھے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر مقامی معززین میں جبوتی پارلیمنٹ کے سابق صدر محمد علی حمید، نیول چیف، اراکین پارلیمان، پاکستان جبوتی فرینڈشپ گروپ کے اراکین، سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور، سفارتی کور کے اراکین، سرکاری حکام اور جبوتی میں رہنے والے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان شامل تھے۔

(جاری ہے)

محمود علی حسن نے جبوتی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے تعمیری کردار کی تعریف کی جو پروفیشنلز، تاجروں اور ہنرمند افرادی قوت پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سفارت خانہ پاکستان جبوتی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر اپنے ریمارکس میں پاکستان کے سفیر شاہد علی سیہڑ نے 23 مارچ 1940ء کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس کی وجہ سے 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔

پاکستان کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے جبوتی اور اس کے آس پاس مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کا افطاری کیا گیا اور پاکستان کی شاندار تاریخ، ثقافت اور سیاحتی مقامات ہر مشتمل دستاویزی فلموں کی نمائش دکھائی گئیں۔