سخی فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، سلطان احمد بھٹی

مہنگائی اور بیروزگار ی نے مزدور، دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں،جنرل سیکرٹری سخی فائونڈیشن

اتوار 31 مارچ 2024 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) سخی فاونڈیشن کے جنرل سیکرٹری رائے سلطان احمد بھٹی نے کہا کہ ہے رمضان المبارک میں اپنے مرتب کردہ ڈیٹا کے مطابق شہرقائد میں مخیر حضرات کے تعاون سے تین سو مستحق خاندانوںمیں راشن بیگز تقسیم کرچکے ہیں، سخی فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے مستحقین اور غربا کی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں گے، ماہ صیام میں ایک نیکی کااجر کئی گنا زیادہ ہوجاتا ہے زندگی کا اصل مقصد کمزور اور ضرورت مندوں کے کام آنا ہے نیکی کا کا کوئی بھی عمل ضائع نہیں ہوتا بلکہ اس کا اجر لازم ملتا ہے ، مہنگائی کے اس دور میں سفید پو ش ، متوسط طبقہ اور کم آمدنی والے خاندان بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، ان خیالات کااظہارانہوںنے راشن بیگز کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سلطا ن احمد بھٹی نے کہا کہ خدمت خلق ہی درحقیقت زندگی کاا صل مقصد ہے جولوگ فلاحی کاموں اور لوگوں کے لیئے آسانیاں پیدا کرنے کی راہ پر گامز ن ہوتے ہیں قدرت ان کی رہنمائی کرتی ہے اور ان کے لیئے آسانیاں پیدا کرتی ہے، عوامی خدمت کا یہ سلسلہ پورا سال جاری رہیگا ، سخی فاونڈیشن کی جانب سے شہرقائد میں چیئرٹیبل ڈسپنسریوں کا جال بچھانے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے اوراس کی پہلی کڑی سخی چیئرٹیبل ڈسپنسری موسی کالونی میں قائم ہوچکی ہے جو لوگوں کو سستے علاج معالجے کی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر کے مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ سخی فاونڈیشن کے ساتھ تعاون کریں اور خدمت خلق اور غربا کی امداد کرنے کے لیئے آگے آئیں، تاکہ ہم مزید ضرورتمند خاندانوں کے گھروں پر راشن بیگز پہنچا سکیں، بے شمار مستحق اور غریب خاندان اس وقت امداد کے منتظر ہیں، انہوںنے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے مزدور ، دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں لوگ غربت سے تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں، غریب اور نادار لوگوں کے لیئے کھانے کے لیئے کچھ نہیں ہے ایسے میں فلاحی اداروں، مخیر حضرات اور سماجی رہنماوں کی معاشرتی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانیت کے ناطے ایسے لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں ہمارا دین بھی ہمیں کمزور لوگوں کی مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے اللہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کرنے سے مال میں اضافہ ہوتا ہے اور اللہ پاک کئی گنا زیادہ مال ودولت اور اجر وثواب سے نوازتا ہے، انہوںنے مزید کہا کہ ہم اپنے حصے کی ذمہ داری نبھانے کے لیئے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں ، شہر بھر کے مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اپنی زکوة، صدقات ، فطرانے اور خیرات سخی فاونڈیشن کو دیں کیونکہ آپ کی امداد سے بے شمار غریب گھرانوں کے چولہے جلیں گے۔