جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں پچیس سو سے زائد شہری معتکف ہو گئے، ترجمان محکمہ اوقاف

اتوار 31 مارچ 2024 21:40

جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں پچیس سو سے زائد شہری معتکف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2024ء) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر انتظام جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں پچیس سو سے زائد شہری معتکف ہو گئے ۔ترجمان کے مطابق جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں شہر اعتکاف سج گئے،داتا دربار کمپلیکس میں دو ہزار کے قریب جبکہ بادشاہی مسجد میں پانچ سو سے زائدشہری معتکف ہوگئے، داتا دربار کمپلیکس میں شہراعتکاف04سیکٹرزباب غوثیہ ، باب فریدیہ ، باب باہو، اور باب احمد رضا پر مشتمل ہے۔

معتکفین کا داخلہ لنگر خانہ (لیڈیز گیٹ) کی طرف سے رکھا گیا ہے،مذکورہ گیٹ پر معتکفین کو جاری کئے گئے. کارڈ سمیت شہریوں کے سامان کی چیکنگ بھی کی گئی ۔داتا دربار کمپلیکس میں ایڈمنسٹریٹر داتا دربار توقیر محمود وٹو اعتکاف کمیٹی کے سربراہ و منیجر طاہر مقصود اور تبریز محمود چشتی کی ہمراہی میں معتکفین کا استقبال کیا اورانہیں کیبنوں تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

بادشاہی مسجد میں چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد معتکفین کا استقبال کیا۔مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹرمحمد علی خان اسسٹنٹ اورنگزیب و دیگر سٹاف کی ہمراہی میں معتکفین کی ان کے کیبن تک راہنمائی کی۔بادشاہی مسجد میں مولانا سید عبد الخبیر آزادمعتکفین کو سحر اور افطار میں کھانے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی سہولیات فراہم کرنے کے نگران ہیں۔

داتادربار کمپلیکس میں کنوینیر لنگر کمیٹی میاں سعید معتکفین کو سحر اور افطار میں کھانے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی سہولیات فراہم کرنے کے نگران ہیں۔اس سلسلے میں انہیں ایڈمنسٹریٹر توقیر محمود وٹو، ایگزیکٹو آفیسر نعمان سیفی ،مینجرز داتا دربار شیخ محمد جمیل ،طاہر مقصود، شیخ آصف منصور کے ساتھ ساتھ زاہد انور بٹ اور محمد حسن کی معاونت بھی حاصل ہے۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور داتا دربار کمپلیکس اور تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد میں معتکفین کو مدینہ فاؤنڈیشن، ہجویری فاؤنڈیشن، آزاد ویلفئیر فاؤنڈیشن سمیت دیگر اداروں اور مخیر شخصیات کی معاونت سے سحر اور افطار کی سہولت کی فراہم کرے گا۔