پی سی بی نے قومی کرکٹرز کی کاکول میں ٹریننگ کی ویڈیو جاری کر دی

پیر 1 اپریل 2024 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کی کاکول میں ٹریننگ کی ویڈیو جاری کر دی۔افواجِ پاکستان کے جوانوں کی سرپرستی میں قومی کرکٹرز کا فیزیکل ٹریننگ کیمپ آرمی اسکول آف فیزیکل ٹریننگ سینٹر ایبٹ آباد میں جاری ہے۔پی سی بی کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کاکول میں فیزیکل ٹریننگ کی ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی گئی ہے جس میں کرکٹرز کو سخت ٹریننگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں کھلاڑیوں سے گفتگو بھی کی گئی اور انہوں نے ٹریننگ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ افواج پاکستان کی خدمت کرنے کا خواب دیکھا تھا، اب فوج کے جوانوں کے ہمراہ ٹریننگ کررہاہوں۔ذرائع کے مطابق افواجِ پاکستان نے کھلاڑیوں کو آج پی ایم اے میوزیم کا دورہ کروایا،جہاں کھلاڑیوں کو ملکی تاریخ کے حوالے سے بتایا گیا۔ذرائع کے مطابق ابتدائی دنوں کی نسبت کھلاڑیوں کی دو روز سے فیزیکل ٹریننگ میں نرمی کی گئی ہے اور تفریح اور آرام مہیا کیاجارہاہے۔ کھلاڑیوں نے افواج پاکستان کے جوانوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ بھی کھیلی۔