"بابر نے خود سے کپتانی کا مطالبہ نہیں کیا"

بابر اعظم کو غیر ملکی کوچ کی تجویز پر کپتان بنائے جانے کا انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 2 اپریل 2024 00:40

"بابر نے خود سے کپتانی کا مطالبہ نہیں کیا"
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اپریل 2024ء) "بابر نے خود سے کپتانی کا مطالبہ نہیں کیا" ۔ تفصیلات کے مطابق سابق قومی کرکٹر باسط علی کی جانب سے بابر اعظم کو کپتان بنائے جانے کے حوالے سے اہم انکشاف کیا گیا ہے۔ باسط علی کے مطابق بابر اعظم کو غیر ملکی کوچ کی تجویز پر کپتان بنایا گیا ہے، بابر اعظم نے خود سے کپتانی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہاہے کہ شاہین آفریدی کو قیادت سے ہٹاکر ذمے داری بابر اعظم کو سونپنا ایک اسٹریٹجک قدم ہے جس کا مقصد ورک لوڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنانا تھا۔ایک بیان میں پی سی بی نے کہاکہ شاہین آفریدی نے بلاشبہ خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر ثابت کیا ہے،انہوں نے کئی برسوں سے پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کی ہے،بورڈ ان کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کیریئر اور فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔پی سی بی نے کہاکہ ورک لوڈ مینجمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہے کہ پی سی بی کے اہم بولرز اپنے کھیل میں نمایاں رہیں۔پی سی بی کے مطابق بورڈ نہیں چاہتا کہ قومی ٹیم بولنگ کے وسائل کے حوالے سے انجریز کے بحران سے دوچار ہو جیسا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022سے پہلے شاہین آفریدی انجرڈ ہوئے تھے اور آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں ٹیم کونسیم شاہ کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔