پائیڈ نے ملک کے معاشی استحکامو ترقی کے لیے پرعزم اصلاحاتی حکمت عملی کا آغاز کردیا

منگل 2 اپریل 2024 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس( پائیڈ) نے ''اصلاح : فوری اصلاحاتی ایجنڈا- آئی ایم ایف اور اس سے آگے"کے موضوع پر ملک کومعاشی استحکام اور ترقی کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم اصلاحاتی حکمت عملی کا آغاز کردیا ہے۔ منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کے تحت پاکستان میں آئندہ پانچ برسوں کیلئے 120 ارب ڈالرکی غیرملکی معاونت کا احاطہ کیاگیا ہے ، اقدام، میں نظر ثانی، اصلاحات اور بحالی کے اصول شامل ہیں۔

پائیڈکے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم الحق نے اصلاحاتی حکمت عملی پرروشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ ایک ایسے ایجنڈے کا خاکہ ہے جس میں ضابطہ جاتی جدیدکاری، ٹیکس اصلاحات، مارکیٹ لبرلائزیشن، توانائی شعبے کی کارکردگی اور زراعت وبینکاری میں بہتری جیسے کلیدی شعبوں کے امورکیلئے حکمت عملی کو شامل کیا گیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایجنڈے میں پاکستان کے معاشی منظرنامے کو ازسرنو مرتب کرنے اورجدید اصلاحات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے ، ان میں قرضوں کی تنظیم نو ، آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون میں اضافہ، زیادہ کاروبار دوست ماحول کے لئے جامع ٹیکس اصلاحات، برآمدات کو ترجیح دینے اور درآمدی قواعد و ضوابط کو جدید بنانے کے لئے معیشت کو اسٹریٹجک طور پر کھولنا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے بہتر نتائج برآمد ہونے کی امید ہیں جس سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مجموعی قومی پیداوارمیں اضافہ ہوگا۔