کاٹی کی وزیر خزانہ کا معاشی پالیسی بنانے کے بیان کا خیر مقدم

ایف بی آر میں اصلاحات، ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور انڈسٹریلائزیشن سے ہی ترقی ممکن ہے، صدر جوہر قندھاری

منگل 2 اپریل 2024 17:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جوہر قندھاری نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے 3 سالہ مدت کیلئے معاشی پالیسی بنانے کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی خاص طور پر کاٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ طویل مدت کیلئے معاشی پالیسی مرتب کی جائے، جس پر عملدرآمد خوش آئند ہے، تاہم پالیسی کی مدت 10 سال ہو تاکہ تسلسل کے باعث معیشت بہتر ہو اور سرمایہ کار بلا جھجھک ملک میں طویل مدت کی سرمایہ کاری کرسکیں۔

صدر کاٹی نے کہا کہ ایف بی آر میں ریفارمز، ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور صنعتکاری کے شعبے کو فروغ دے کر پاکستان جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ حکومت انڈسٹری کیلئے پیداواری قیمت میں کمی کرے تاکہ پاکستانی مصنوعات عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کر سکیں اور ٹیکسز کا بوجھ پہلے سے موجود ٹیکس دہندگان پر ڈالنے کے بجائے ٹیکس نادہندگان کو نیٹ میں شامل کرنے کے ساتھ انڈسٹری پر ٹیکسز کا بوجھ کم کیا جائے۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی نے کہا کہ مختلف سروے رپورٹس اور حکومت بھی یہ بات تسلیم کرتی ہے کہ خطہ کا بلند ترین شرح سود رکھنے سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے اسی لئے ضروری ہے کہ شرح سود کو فوری طور پر کم کیا جائے۔ جوہر قندھاری نے امید ظاہر کی کہ وفاقی وزیر خزانہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی مرتب کریں گے اور بجٹ میں انڈسٹری کی تجاویز شامل کریں گے، تاکہ پاکستان کو جلد معاشی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے اس کیلئے بزنس کمیونٹی حکومت سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔