وفاقی وزیر توانائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت، وفاق اور پنجاب کے درمیان بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال

بدھ 3 اپریل 2024 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) وفاقی وزیر برائے توانائی ( پاور ڈویژن ) سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی جس میں وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے درمیان بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو ہونے والی بات چیت میں صوبے بھر میں بجلی چوری کی روک تھام اور وصولیوں میں بہتری کی مہم کو تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں کی مجسٹریٹ، پولیس اہلکاروں، انٹیلی جنس افسران اور پراسیکیوشن کے ماہرین پر مشتمل ضلعی ٹاسک فورس کے قیام پر بھی اتفاق ہوا۔ بات چیت کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ٹاسک فورس کو بجلی چوری کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا کام سونپا جائے گا۔انسداد بجلی مہم میں اعلی کارکردگی والے افسران کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مناسب کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق رائے ہوا جس کے لیے قانونی ڈھانچہ مزید مضبوط کیا جائے گا۔