عمران خان 8ماہ سے قید تنہائی میں ہیں، علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی پر پاکستان کا مہنگا ترین سائفر کیس چلایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا، بانی کو سزا ملی مگر جج کو کوئی سزا نہیں ملی آپ گھر میں مار پیٹ کریں ،ساتھ والے محلے میں ثالثی کریں اسے کوئی نہیں مانتا، اس سے آپ کا مذاق بنے گا آپ کی عزت نہیں ہورہی، آپ پہلے ملک میں دیکھیں کیا کررہے ہیں، میڈیا سے گفتگو

منگل 23 جون 2026 20:20

عمران خان 8ماہ سے قید تنہائی میں ہیں، علیمہ خان
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2026ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان 8ماہ سے قید تنہائی میں ہیں، جاوید ہاشمی اور اعتزاز احسن نے کہا جو ظلم عمران خان نے برداشت کیا آج تک کسی سیاسی قیدی نے برداشت نہیں کیا۔راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کو گرفتاری سے قبل 4اگست کو بیرون ملک جانے کا کہا گیا، بانی نے بیرون ملک جانے کے بجائے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے کا کہا، اٹک جیل میں بانی کو انتہائی برے حالات میں رکھا گیا، بانی کے خلاف پاکستان کا مہنگا ترین سائفر کیس چلایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا، بانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی جھوٹا ثابت ہوا بانی کو سزا ملی مگر جج کو کوئی سزا نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے تحت ججوں کو اپنا ماتحت بنایا گیا، جسٹس ڈوگر کو عہدے پر بٹھاتے ہی بانی کو 190ملین پائونڈ ریفرنس میں سزا سنائی گئی، جج ڈوگر نے بانی کی اپیل ڈیڑھ سال سے سننے سے انکار کردیا، جج ڈوگر کا نام تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی کو 8ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، جاوید ہاشمی اور اعتزاز احسن نے کہا جو ظلم بانی نے برداشت کیا آج تک کسی سیاسی قیدی نے برداشت نہیں کیا، 26نمبر چونگی احتجاج پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نورین نیازی جیل سپرنٹنڈنٹ کو درخواست بھیجے تو ملاقات ہو جائے گی مگر نورین نیازی کو حکومت، محسن نقوی، اسٹیبلشمینٹ نے ملاقات سے روکا ہے جیل سپرنٹنڈنٹ نے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی کو 18لوگ مل سکتے ہیں لیکن یہ ملاقاتیں ختم کرنا چاہ رہے ہیں ،کہا گیا کہ بانی سے ملاقات کے بعد باہر آکر میڈیا سے بات نہیں کرسکتے، ہم نے کہا ہمیں یہ قبول نہیں، آپ بانی سے ملاقات سے قبل ان کا علاج کرائیں جو ہماری ڈیمانڈ ہے، بشری بی بی کی فیملی سے دو مرتبہ ملاقات کرائی گی لیکن انہوں نے کوئی بات نہیں کی اب ان کی ملاقات بھی بند کردی، یہ سب کچھ جان بوجھ کرکررہے ہیں، یہ لوگ ایک ملاقات اس لئے کروانا چاہ رہے ہیں تاکہ پریشر ختم ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کہا کہ وفاقی حکومت جو 175ارب کا حصہ مانگ رہی ہے تب تک نہیں دیں گے جب تک یہ فاٹا کا حصہ نہ دیں، جب تک بانی کا علاج ان کی فیملی کی موجودگی میں نہ کرایا جائے، عدالتی حکم کے مطابق ہمارے ساتھ ایم او یو سائن کیا جائے، ہمارے ساتھ ایک گارنٹیر ہونا چاہیے جو گارنٹی کرے گا کہ ایم او یو کی پاس داری کرائے گا، اگر یہ کے پی حکومت کے پریشر کے باوجود نہیں کریں گے ان کو بانی سے اتنا خوف ہے کہ یہ 175ارب بھی چھوڑ دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ اگر یہ ہمیں گارنٹی نہیں دیں گے تو پھر آئندہ کا لائحہ عمل کارکنوں کی چاہت کے مطابق ہوگا، جب ہم آپ کے ساتھ مل کر اڈیالہ جیل آئیں گے تو صرف بانی کے حقوق بحال نہیں ہوں گے، بلکہ ہم بانی کو رہا کرائیں گے، سیاسی معاملات کو محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس ہینڈل کرلیں گے، وزیراعظم بے چارے سے کیا بات کریں گے وہ تو خود کہتے ہیں ہمارے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوںنے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو محسن نقوی نے فون کیا تھا، بانی کے لیے پوری قوم ایک پیج پر ہے جو کہتی ہے ان کو رہا کیا جائے پاکستان کو ان کی ضرورت ہے، آپ گھر میں مار پیٹ کریں اور ساتھ والے محلے میں ثالثی کریں اسے کوئی نہیں مانتا، یہ آپ کا مذاق بنے گا آپ کی عزت نہیں ہورہی، آپ پہلے ملک میں دیکھیں کیا کررہے ہیں، پاکستان کے منتخب وزیراعظم ہیں یہاں پر آپ دیکھیں کیا کررہے ہیں پہلے اپنے ملک کا خیال رکھیں یہاں پر آپ ظلم کررہے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ کشمیر کے اندر آپ نے کربلا بنادیا، پانی خوراک بند کردی، ماہ رنگ بلوچ کو عمر قید دے دی ، کس چیز کیلئی آپ ملک میں ظلم کررہے ہیں کیا آپ دنیا میں ایسے نام روشن کریں گی ۔نورین نیازی نے کہا کہ بانی سے ملاقات کیلئے مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، مجھے ملاقات کا ادھر ادھر سے پتا چل رہا ہے،میں کیوں درخواست دوں درخواست ان کو دی جاتی جو اس کے قابل ہوں، 26ویں اور 27ویں ترامیم ختم ہوں گی تو بانی کے آنے کے بعد یہ جیلیں ان سے بھری ہوں گی، یہاں ایک تماشا ہوگا، یہ جھوٹ بولتے ہیں جو بانی کے ساتھ کر رہے ہیں ان کا عبرت ناک انجام ہوگا۔

نورین نیازی نے کہا کہ آپ کشمیر کے راستے بند کرکے لوگوں کو بھوکا مار رہے ہیں، ان کو شکریہ اس بات کا کہیں کہ یہ پاکستان کے مقبول ترین لیڈر پر ظلم کررہے ہیں، شکریہ کوئی بھی نہیں کرے گا، اللہ تعالی ان کو عبرت کا نشان بنائے۔