فیصل آباد، عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی مارکیٹیں اور بازار سج گئے

جمعہ 5 اپریل 2024 13:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) عیدالفطر کی آمد کےساتھ ہی فیصل آباد کے تجارتی مراکز، مارکیٹیں اور بازار سج گئے جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس، بوتیکس، برانڈ کولیکشن سٹورز پر خواتین اور بچوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے ۔اے پی پی کے سروے کے مطابق عید الفطر کی آمد قریب آتے ہی پوش علاقوں کوہ نور پلازہ،ڈی گراؤنڈ،انار کلی،جھال خانوآنہ،جلوی مارکیٹ جڑانوالہ روڈ،جدہ مارکیٹ ستیانہ روڈ، گھنٹہ گھر کے بازاروں سمیت دیگر مارکیٹوں میں تجارتی مراکز کورنگ برنگ برقی قمقموں و آرائشی لائٹوں سے سجا دیا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ متوسط علاقوں اور عام خریداری مراکزمیں واقع بازاروں میں سٹال ہولڈرز نے جیولری، میک اپ، گارمنٹس اور شوز کے سٹالز سجالئے ہیں۔

فیصل آبادکے بازاروں میں خواتین اور بچوں کا بہت زیادہ رش دیکھنے میں آرہاہے اور لوگ عید کی خریداری میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عید کے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے دام بھی دوگنے کردیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، ریڈی میڈ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، کئی قسم کے ٹیکسز اور دیگر عوامل کے باعث اس بار گزشتہ سال کے مقابلے میں قیمتیں کم از کم دوگنا ہوگئی ہیں لہٰذا جب وہ تھوک میں ہی مہنگے نرخوں پر مصنوعات خرید کر لائیں گے تو سستی کیسے بیچیں گے ۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ چونکہ عید کا موقع ہے اور دکانداروں پر کسی قسم کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے اس لئے وہ منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔دوسری جانب ریڈی میڈ گارمنٹس،بوتیکس، جیولری، میچنگ جوتوں، فیشن ڈیزائننگ مصنوعات اور جنرل سٹورآئٹمزکی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث خواتین اور دکانداروں کے درمیان روایتی سخت بحث کا ہونا معمول بن چکا ہے۔