ٹنل فارمنگ کے ذریعے سردیوں کی سبزیاں گرمیوں میں بھی اگائی جا سکتی ہیں، ماہرین زراعت

ہفتہ 6 اپریل 2024 12:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کہا کہ ٹنل فارمنگ سے کسان اپنی پیداوار دوگنی کر سکتے ہیں جبکہ اس ٹیکنالوجی کے باعث کم سے کم پانی استعمال کر کے بے موسمی سبزیاں بھی اگائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹنل فارمنگ کے فروغ کیلئے کاشتکاروں، کسانوں اور زمینداروں کو زرعی تعلیم و تربیت کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر 100فیصد ہدف کا حصول ممکن نہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے اشتراک سے تربیتی پروگرام کے اجرا کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو یہ بتایا جا سکے کہ ٹنل فارمنگ سے کس طرح زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹنل فارمنگ بہترین اور جدید ٹیکنالوجی ہے جس سے پیداوار میں اضافہ، بے موسمی سبزیوں کے حصول سمیت ایک سیزن سے بھی کم عرصہ میں سرمایہ کاری کے جوابی فائدہ کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل گرمیوں کے موسم میں سردیوں جیسا جبکہ سردیوں کے موسم میں بھی گرمیوں جیسا ماحول پیداکرتی ہے جس کی وجہ سے سردیوں کی سبزیاں گرمیوں میں اور گرمیوں کی سبزیاں سردیوں میں بھی اگائی جا سکتی ہیں۔