چیمپئنز ٹرافی 2025ء: بھارتی سپورٹس منسٹر ایک بار پھر کھیل میں سیاست کو لے آئے

آپ ہندوستان میں دہشتگردی پھیلائیں، گولیاں چلائیں، بم نصب کرنیکی کوشش کریں اور پھر کرکٹ کھیلنے کی بات کریں، پہلے گولیاں چلانا بند کریں پھر سٹیڈیم آباد ہوجائیںگے : انوراگ ٹھاکر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 6 اپریل 2024 13:18

چیمپئنز ٹرافی 2025ء: بھارتی سپورٹس منسٹر ایک بار پھر کھیل میں سیاست کو ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اپریل 2024ء ) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں بھارتی ٹیم کی آمد سے متعلق ہندوستانی سپورٹس منسٹر انوراگ ٹھاکر کا بیان سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپورٹس منسٹر انوراگ ٹھاکر سے سوال کیا گیا کہ 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے کیا بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان جائے گی؟ ۔

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) پاکستان نہ جانے کے فیصلے کو برقرار رکھے گا۔ کھیل میں سیاست کو شامل کرتے ہوئے بھارتی منسٹر انوراگ ٹھاکر نے الزام عائد کیا کہ جب میں بی سی سی آئی کا سربراہ تھا تو میرا موقف صاف تھا کہ دو چیزیں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔ آپ ہندوستان میں دہشت گردی پھیلائیں، گولیاں چلائیں، بم نصب کرنے کی کوشش کریں اور پھر کرکٹ کھیلنے کی بات کریں، پہلے گولیاں چلانا بند کریں اور دہشت گردی بند کریں پھر سٹیڈیم آباد ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو کرکٹ کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ مل کر ایشیاء کپ کی مشترکہ طور پر میزبانی کی تھی، ابتدائی طور پر پاکستان کو ایونٹ کی میزبانی کرنا تھی لیکن بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے باعث سری لنکا کے متبادل وینیو پر میچز کا انعقاد کروانا پڑا تھا۔