کاشتکاروں کو گھیاکدو کے پودوں کی بروقت چھدرائی کامشورہ

منگل 9 اپریل 2024 13:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گھیاکدو کے پودوں کی بروقت چھدرائی کی ہدایت کی ہے جبکہ تین سے چار پتے نکالنے پر ایک جگہ پر اگے ہوئے ایک سے زائد پودے بھی نکالنے کامشورہ دیاہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ جب گھیا کدو کے پودے تین سے چار پتے نکال لیں تو ان پودوں کا درمیانی فاصلہ مناسب برقرار رکھنے کیلئے ایک جگہ پر ایک سے زیادہ اگے ہوئے پودوں کو نکال دیا جائے اور چھدرائی میں تاخیر نہ کی جائے کیونکہ تاخیر سے اکھاڑنے پر بچ جانے والے پودے بھی متاثر ہو تے ہیں جس سے ان کی بڑھوتری، افزائش نسل و پیداوار پر منفی اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گھیا کدو کی آبپاشی کابھی خاص خیال رکھنا چاہیے اور پہلا پانی کاشت کے فوراً بعد جبکہ اس کے بعد ایک ہفتہ کے وقفہ سے پانی لگاتے رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کسی جگہ پر بارش ہو جائے تو اس صورت میں گھیا کدو کے کھیتوں کو پانی لگانے کا دورانیہ بڑھایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے بھی تین سے چار مرتبہ گوڈی کریں اور ہر دوسری چنائی کے بعد گوڈی کرنے سے کھیت نہ صرف جڑی بوٹیوں سے پاک رہے گا بلکہ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے گوڈی کرنے کے بعد پودوں کے گرد مٹی چڑھانے کی بھی ہدایت کی۔