Live Updates

ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر ایک کروڑ 27لاکھ کلو گرام اشیائے ضروریہ فروخت کی گئیں ، صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین

منگل 9 اپریل 2024 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کیلئے پر عزم حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران کم قیمت پر معیاری اشیائے خوردنی کی دستیابی کو ممکن بنایا ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں 51 ایگریکلچرفیئر پرائس شاپس کا قیام عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر 13معیاری اشیائے ضروریہ بازار کی نسبت 25 فیصد کم قیمت پر فراہم کی گئیں جن میں آلو،پیاز،ٹماٹر،کیلے،دال چنا، بیسن،لہسن،کدو،لیموں،سیب،کھجور،خربوزے اور امرود شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سبسڈی کی مد میں 72 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے،ایک کروڑ 27 لاکھ کلو گرام اشیائے ضروریہ فروخت کی گئیں جبکہ 32 لاکھ سے زائد خریدار مستفید ہوئے۔

عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ2 ارب روپے سے زائد مالیت کی اشیائے ضروریہ معیاری و مقدار میں پوری خرید و فروخت ہوئیں۔رمضان بازاروں میں ہر سطح پر سخت نگرانی کا موثر نظام جبکہ خواتین اور بزرگوں کیلئے علیحدہ سے کائونٹرز قائم کیے گئے تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات