ہاردک پانڈیا کے بھائی فراڈ کے الزام میں گرفتار

ہاردک پانڈیا نے سوتیلے بھائی کیخلاف دھوکا دہی اور جعلسازی کی شکایت درج کروائی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 اپریل 2024 10:41

ہاردک پانڈیا کے بھائی فراڈ کے الزام میں گرفتار
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اپریل 2024ء ) سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ کے دھونی کے بزنس پارٹنر کے بعد ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا کے سوتیلے بھائی کو بھی پولیس نے دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی کپتانی کرنے والے ہاردک پانڈیا کے سوتیلے بھائی ویبھو پانڈیا کو ممبئی پولیس نے تقریباً 4.3 کروڑ روپے کی دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

ویبھو نے مبینہ طور پر پارٹنرشپ فرم سے تقریباً 4.3 کروڑ روپے کا غبن کیا جس سے ان کے بھائی ہاردک اور کرونل پانڈیا کو نقصان ہوا۔ کرونل اور ویبھو نے 2021ء میں ایک کاروبار قائم کیا تھا جس سے دونوں کرکٹر ہاردک اور کرونل کو 40 فیصد جب کہ ان کے سوتیلے بھائی ویبھو کو 20 فیصد حصہ ملنا تھا تاہم ویبھو نے منافع بانٹنے کے بجائے ایک الگ کمپنی بنائی اور منافع اس کمپنی میں ٹرانسفر کردیا۔

(جاری ہے)

ممبئی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ کے حکام کا کہنا ہے کہ ویبھو پر دھوکا دہی اور جعلسازی کا الزام عائد کیا گیا تھا جب کہ شکایت ہاردک پانڈیا کی جانب سے درج کروائی گئی تھی۔ دوسری جانب انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی کپتانی روہت شرما سے چھین کر ہاردک کو دینے پر شدید تنقید کی زد میں ہیں جبکہ ابتدائی 5 مقابلوں میں فرنچائز بھی ایک فتح حاصل نہیں کرسکی ہے۔