سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز کے پہلے ون ڈے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جنوبی افریقہ کی آل رائونڈر کھلاڑی ماریزان کاپ کی سرزنش

جمعہ 12 اپریل 2024 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایسٹ لندن میں سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز کے پہلے ون ڈے کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر جنوبی افریقہ کی آل رائونڈر کھلاڑی ماریزان کاپ کی سرزنش کی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ کی آل رانڈر کھلڑی ماریزان کاپ نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کی ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ ماریزان کاپ کے ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جو24 ماہ کی مدت میں انکی طرف سے دوسری خلاف ورزی کا ارتکاب ہے جس سے اس کے کل ڈیمیرٹ پوائنٹس دو ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ماریزان کاپ کو اس ماہ کے شروع میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ویمنز ٹی۔20 میں پہلا ڈیمیرٹ پوائنٹ ملا۔منگل کا واقعہ جنوبی افریقہ کی اننگز کے 44 ویں اوور میں پیش آیا جب ماریزان کاپ نے اپنے آئوٹ ہونے کے بعد نازیبا زبان استعمال کی۔

ماریزان کاپ نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے شینڈرے فرٹز کی تجویز کو قبول کر لیا، اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔آن فیلڈ امپائرز کیرن کلاسے اور جیکولین ولیمز، تھرڈ امپائر لارین ایجن بیگ اور چوتھے امپائر تھامس موکوروسی نے کہا ہے کہ لیول ون کی خلاف ورزی پر کم سے کم جرمانہ آفیشل سرزنش، کھلاڑی کی میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں۔