موہن جو دڑو پر غیر قانونی پارکنگ فیس کا صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کا نوٹس، رپورٹ طلب

ہفتہ 13 اپریل 2024 14:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) سوشل میڈیا پر لاڑکانہ کے قریب تاریخی مقام موہن جو دڑو پر غیرقانونی پارکنگ فیس کی شکایتیں کرنے پر صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر آرکیالاجی اینڈ اینٹیکیوٹیز عبدالفتاح شیخ سے مکمل انکوائری اور رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے افسران کو حکم جاری کرتے ہوئے کمیٹی بنا کر تین روز میں معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے،تفریح کیلئے آنے والوں کے ساتھ ایسا رویہ بالکل برداشت نہیں کریں گے،سندھ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ تفریح کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے،عوام کو لوٹنے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔