پشین میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف نعرے قابل مذمت ہیں، ترجمان جے یو آئی

ہفتہ 13 اپریل 2024 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ پشین میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف نعرے قابل مذمت ہیں،شیر افضل جیسے لوگ پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ پشین جلسے سے پی ٹی آئی کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منہ میں رام رام اور بغل میں چھری عوام کے سامنے آ گئی۔ ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن کو شیرافضل مروت جیسوں کو کنٹرول کرنا ہوگا ۔ اسلم غوری نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے کہا تھا کہ جلسے میں کسی کو گالی نہیں دیں گے ، لگتا ہے ان کی سیاست صرف سیاسی قائدین کو شیر افضل جیسے لوگوں سے گالیاں دلوانا ہے ۔ اسلم غوری نے کہا کہ شیر افضل جیسے لوگ پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔ اسلم غوری نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا ، یہ رویہ ترک نہ کیا تو اپوزیشن کرنے کے قابل بھی نہیں چھوڑیں گے ۔