صوبے میں شطرنج کے کھیل کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کی جائے گی، ڈاکٹر محمد ایوب

اتوار 14 اپریل 2024 13:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) بلوچستان چیس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد ایوب نے کہا ہے کہ صوبے میں شطرنج کے کھیل کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کی جائے گی۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں صوبائی سطح پر شطرنج کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو نکھارنے اور ابھارنے کے لئے حکومتی سرپرستی بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ کھیل بھی ترقی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں آل کوئٹہ رمضان المبارک اوپن شطرنج ٹورنامنٹ کھیلا گیا جس میں مرتضیٰ نے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ڈاکٹر محمد ایوب نے دوسری اور اعجاز احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح ریحان خان اور سلیم شہوانی بالترتیب چوتھے اور پانچوین نمبر پر رہے۔ ٹورنامنٹ میں 45 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر بلوچستان چیس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد ایوب نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ یہ ٹورنامنٹ بی سی اے اور پاکستان چیس کلب کوئٹہ کے زیر اہتمام کھیلا گیا۔