محکمہ لائیو سٹاک کی مویشی پال حضرات کواپنے جانوروں کو توڑی کھلاتے ہوئے پرانی توڑی کو نئی آنیوالی توڑی کے ساتھ مکس کر کے دینے کی ہدایت

اتوار 14 اپریل 2024 14:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات کواپنے جانوروں کو توڑی کھلاتے ہوئے پرانی توڑی کو نئی آنیوالی توڑی کے ساتھ مکس کر کے دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ نئی توڑی کی آمد آمد ہے لہٰذا جو فارمرز اور مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو توڑی کھلاتے ہیں وہ پرانی توڑی تھوڑی مقدار میں بچا کر رکھیں اور اس کو نئی آنیوالی توڑی کے ساتھ مکس کر کے دیں کیونکہ ایک دم نئی توڑی شروع نہیں کرنی چاہیے۔

محکمہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ ویسے تو کوئی بھی خوراک ایک دم سے تبدیل نہیں کی جانی چاہیے تاہم اگر فارمرز کسی کمپنی کا بھی ونڈہ استعمال کر رہے ہیں اور کمپنی بدلنا چاہتے ہیں تو بھی 5سے 7دن میں تبدیل کریں کیونکہ ونڈے کے اجزا کا تناسب مختلف کمپنیوں میں مختلف ہوتا ہے اور یہی احتیاط اکثر کمپنیوں کے ونڈے کی پیکنگ پر بھی لکھی ہوئی ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ گبھن جانوروں کو مزید کم مقدار سے شروع کریں اور نئی توڑی استعمال کریں تو کسی اچھی پروٹین والے چارے یا ونڈا سے مکس کر کے دیں نیزکم از کم 10سے 12دنوں میں پرانی سے مکمل طور پر نئی توڑی پر جانوروں کی خوراک تبدیل کریں۔انہوں نے بتایاکہ اگر جئی کھلا رہے ہیں تو لوسرن برسیم پر آہستہ آہستہ تبدیل کریں اسی طرح جئی،لوسرن اور برسیم وغیرہ سے جوار اور باجرہ بھی تھوڑا تھوڑا تبدیل کر کے ایک چیز کم کرتے جائیں اور دوسری بڑھاتے جائیں۔

متعلقہ عنوان :