قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں کھلاڑی (آج)عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں رپورٹ کرینگے

اتوار 14 اپریل 2024 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) سلطان ازلان شاہ ہاکی کپ ملائشیا میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاری کے سلسلہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں (آج) پیر کو کھلاڑی عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں رپورٹ کرینگے۔ اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق قومی ہاکی کیمپ مینجمنٹ نے اس سلسلہ میں کیمپ کے انتظامات سے متعلق صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سیدہ شہلا رضا کو بریفنگ دی۔

صدر پی ایچ ایف شہلا رضا نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو بہترین تربیت سے آراستہ کرینگے،پرامید ہوں کہ کھلاڑی سلطان ازلان شاہ کپ میں اعلی کارکردگی دکھائیں گے۔ قومی ہاکی کیمپ مینجمنٹ کی جانب سے کوچز اولمپیئن ایاز محمود، اولمپیئن وسیم فروز، اولمپیئن ریحان بٹ، اولمپیئن محمد ثقلین نے صدر پی ایچ ایف شہلا رضا کو کیمپ میں کھلاڑیوں کی تربیت اور انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین بھی موجود تھے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے صدر پی ایچ ایف شہلا رضا کو قومی ہاکی تربیتی کیمپ کے انتظامات سے متعلق آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش سمیت قومی ہاکی تربیتی کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

انہوں نے صدر پی ایچ ایف کو آگاہ کیا کہ دو کھلاڑی احمد ندیم اور غضنفر علی لیگ کے سلسلہ میں بیرون ملک موجود ہیں جنہوں نے 23 اپریل کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے جسکی منظوری صدر پی ایچ ایف شہلا رضا نے دے دی۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سیدہ شہلا رضا نے قومی ہاکی کیمپ مینجمنٹ کو ہدایات جاری کی کہ کھلاڑیوں کو بہترین تربیت سے آراستہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ کھلاڑی سلطان ازلان شاہ کپ میں اعلی کارکردگی دکھائینگے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ مینجمنٹ یقینی بنائے کہ کھلاڑیوں کی تربیت میں کمی نہ رہے۔ سلیکشن کمیٹی سے درخواست کرونگی کہ قومی کھیل میں نیا ٹیلنٹ بھی کھوج کریں۔ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔

کوچ اولمپیئن ایاز محمود نے صدر پی ایچ ایف شہلا رضا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی ہاکی تربیتی کھلاڑیوں کا ٹریننگ مینول تیار کرلیا گیا ہے۔ٹریننگ صبح اور شام دو سیشن میں ہوگی۔ کوچ اولمپیئن وسیم فیروز نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے فزیکل فٹنس پر خاص توجہ دی جائے گی۔ کوچ اولمپیئن ریحان بٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں پینلٹی کارنر اور اٹیکنگ سکلز پر خصوصی کام کرینگے۔ کوچ اولمپیئن محمد ثقلین نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی حکمت عملی اور پریشر گیم ٹیکنیک سے بھی کھلاڑیوں کو آراستہ کیا جائے گا۔