عید کی چھٹیاں ختم،پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی شروع،بس اڈوں وریلوے سٹیشن پر رش

اتوار 14 اپریل 2024 18:30

عید کی چھٹیاں ختم،پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی شروع،بس اڈوں وریلوے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کا آبائی علاقوں سے واپس صوبائی دارالحکومت روانہ ہونے کا سلسلہ گزشتہ روز سے شروع ہو گیا ۔ ملک کے مختلف علاقوں سے پردیسی واپس لاہور پہنچ رہے ہیں، پردیسیوں کی واپسی کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بھی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، سرکاری و غیر سرکاری ملازمین اہلخانہ کے ہمراہ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ عید کے موقع پر پردیسیوں کی بڑی تعداد میں آبائی علاقوں میں واپسی کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئی تھیں۔ چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پیر سے معمول کے مطابق تمام سرکاری و پرائیویٹ ادارے دوبارہ کھل اور کاروباری سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سٹی ٹریفک پولیس نے سی ٹی او عمارہ اطہر کے حکم پر داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات اورشہر کے بس اڈوں پر بھی اضافی پٹرولنگ آفیسرز تعینات کردیئے گئے ہیں۔

اس حوالے سے سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو داخلی و خارجی راستوں کا وزٹ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اڈا انتظامیہ و دیگر متعلقہ محکموں سے ملکر جامعہ ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک اور کرایوں کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو ۔ ترجمان ڈی سی آفس لاہور کا کہنا ہے کہ ڈی سی رافعہ حیدر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کا تشکیل کردہ سکواڈ جناح ، سٹی اور بادامی باغ بس ٹرمنلز پر اضافی کرائے وصول کرنے کیخلاف کارروائیوں اور مسافروں کو درپیش شکایات کے حل کیلئے موجود ہے۔