کاشتکار بارشوں کے بعد اچھی طرح پک جانے پر گندم کی کٹائی شروع کریں، محکمہ زراعت

پیر 15 اپریل 2024 12:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ چونکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع (فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ )سمیت اکثرمقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی گندم کی کٹائی ممکن نہیں لہٰذا کاشتکارکسی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں ، جب بارشیں بند ہونے کے بعد گندم اچھی طرح پک کر تیار ہوجائے اور اس میں 10 فیصد سے بھی کم نمی رہ جائے اس وقت خشک حالت میں گندم کی کٹائی کریں تاکہ گندم ضائع اور خراب نہ ہو۔

نظامت زرعی اطلاعات کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار مسلسل ریڈیو اور ٹی وی پر موسمی حالات اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں سے باخبر رہیں اور اسی اطلاع کے مطابق گندم کی کٹائی کا عمل شروع کریں تاکہ بعدازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب زمینداروں و کاشتکاروں کی طرف سے بارشوں کے بعد آئندہ ہفتہ دس دن میں شروع ہونے والی گندم کی کٹائی کے آغاز کےلئے لیبر کی ایڈوانس بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دیہاڑی دار مزدوروں نے اس ضمن میں اپنی اجرت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

معلوم ہواہے کہ زمینداروں، کاشتکاروں اور کسانوں نے گندم پکنے پر اس کی کٹائی اور محکمہ خوراک کی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر گندم خریدنے کی پالیسی کے اعلان کی روشنی میں کٹائی کا عمل بروقت یقینی بنانے کےلئے دیہاڑی دار لیبر کی ایڈوانس بکنگ شروع کر دی ہے تاکہ کٹائی کے موقع پر کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔ فارمرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت امسال دیہاڑی دارمزدور اپنی دیہاڑی دوگنا کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ درانتیوں کی قیمت میں بھی دوگنا اضافہ کردیاگیا ہے،گزشتہ سال جو درانتی 300سے 350روپے میں دستیاب تھی وہ اب 500روپے تک فروخت کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ تھریشرز، ریپرز اور ہارویسٹرز مالکان نے بھی اپنے کرایوں میں زبردست اضافہ کردیاہے جس سے کاشتکاروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :