کاشتکاروں کوریپرزکے بلیڈز، فورک، کراپ لفٹر، کنوئیر، پاور سسٹم،بیلٹس کی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 15 اپریل 2024 12:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کواچھی طرح پک کر تیاروخشک ہونے کی صورت میں گندم کی کٹائی و گہائی کیلئے پیشگی ریپرز کو گیراجوں اور شیڈز سے نکال کر اچھی طرح صاف کرنے اور اس کے بلیڈز، فورک، کراپ لفٹر، کنوئیر، پاور سسٹم،بیلٹس کی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ ریپر کو اچھی طرح سے صاف کرکے ٹریکٹر کے ساتھ لگا کر کھلی جگہ پر دھوپ میں کھڑا کریں اور ٹریکٹر کو چلا کر ریپر کے پرزوں کی آواز و حالت کو چیک کرلیں نیز جو پرزے زنگ آلود ہو چکے ہوں انہیں مٹی کے تیل سے اچھی طرح صاف کریں اور جو پرزے ٹوٹے ہوئے ہوں یا موجود نہ ہوں ان کی جگہ نئے پرزے لگا ئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کٹر کے بلیڈ تیز نہ ہوں تو ان کو اچھی طرح تیز کروا لیں تاکہ گندم کی کٹائی کے دوران دانوں کو نقصان نہ پہنچے نیزاگر بلیڈ بہت زیادہ گھس چکے ہوں تو اس ضمن میں کوتاہی نہ کریں کیونکہ گھسے ہوئے بلیڈ گندم کی کٹائی ٹھیک طرح سے نہیں کرتے اور کٹائی کے وقت گندم کے دانے بالیوں سے نکل کر ضائع ہو جاتے ہیں اس لئے فوری نئے بلیڈ لگائیں۔

انہوں نے کہاکہ کراپ لفٹر گری ہوئی فصل کو اٹھانے کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ان کی درست سمت میں کسائی بھی یقینی بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بیلٹوں کا تناؤ مناسب، کٹر سسٹم کی الائنمنٹ و فٹنگ درست، گیئربکس کاتیل اور گریس مکمل جبکہ شافٹ کی کیز اورپلی کی فٹنگ درست ہونے سے بھی کاشتکار کو فصل کے نقصان سے بچایاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :