حج سے قبل عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ مقرر

تین ماہ کے عمرہ ویزہ کی میعاد سعودی عرب داخلے کی تاریخ سے پہلے منظور شدہ میعاد کی بجائے اس کے اجراء کی تاریخ سے شروع سمجھی جائے گی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اپریل 2024 13:46

حج سے قبل عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ مقرر
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2024ء ) سعودی عرب نے حج سے قبل عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ مقرر کردی۔ سعودی گزٹ کے مطابق سعودی حکام نے ہر سال حج سیزن اور مکہ اورمدینہ میں زائرین کی آمد کے پیش نظر بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ 15 ذی القعدہ کی منظوری دی ہے جب کہ پہلے عمرہ سیزن 29 ذی القعدہ کو ختم ہوتا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ مملکت کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ 15 ذی القعدہ مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کے عمرہ ویزے کی میعاد ختم ہونے کا آخری دن ہو گا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ کو 29 ذی القعدہ سے 15 ذوالقعدہ کرنے کا مقصد دنیا بھر سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں میں حج کے لیے آنے والے زائرین کی آمد کو ہموار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ تین ماہ کے عمرہ ویزہ کی میعاد سعودی عرب میں داخلے کی تاریخ سے پہلے منظور شدہ میعاد کی بجائے اس کے اجراء کی تاریخ سے شروع سمجھی جائے گی، یعنی عمرہ ویزہ کی میعاد اس کے اجراء کی تاریخ سے تین ماہ ہے بشرطیکہ یہ 15 ذی القعدہ کے بعد ختم نہ ہو۔ سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے، عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے جب کہ مکہ روٹ پراجیکٹ سے اب تک 8 ممالک کے 6 لاکھ 17 ہزار عازمین مستفید ہوچکے ہیں، حج 2024ء کے لیے 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کو خدمات فراہم کریں گی۔