Live Updates

روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے بڑا اقدام ہے، چوہدری شافع حسین

پیر 15 اپریل 2024 20:35

روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے بڑا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں حکومت مہنگائی اور گرانفروشی کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں ہے،تاریخ ساز رمضان پیکج کے بعد اشیا ء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے بڑا اقدام ہے۔

صوبائی وزیر نے انتظامیہ کو روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائس کنٹرول کے ادارے روٹی کی 16روپے اور نان کی 20 روپے میں فروخت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اپنے آفس میں آئے لوگوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں فلاحی سکیمیں تیزی سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں،پنجاب میں صنعتی انقلاب برپا کرکے معیشت کو مستحکم کریں گے،نئی سرمایہ کاری لاکر روزگار کے مواقع بڑھائیں گے۔صوبائی وزیرشافع حسین نے کہا کہ صوبے کو حقیقی معنوں میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاشی پالیسیوں کو آسان اور سرمایہ کار دوست بنایا جائے گا تا کہ عوام کو فائدہ پہنچے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات