الخدمت کراچی کے تحت عید الفطر کویکجہتی فلسطین کے طور پرمنایا گیا

پیر 15 اپریل 2024 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) الخدمت کراچی کے تحت عید الفطر کو یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا گیا ،عیدکے دن کا آغاز خصوصی دعاؤں سے کیا گیا ،الخدمت کے تمام ضلعی دفاترنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا خصوصی اہتمام کیا، فلسطینی پرچم لہرایا گیا ،فلسطینی مفلر گلے میں ڈال کر اور بیجز لگا کر نماز عید ادا کی گئی ،زخمی فلسطینی بہن بھائیوںکی جلد صحت یابی اور اہل فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ،جبکہ عید ملن تقریبات میں بھی فلسطینی پرچم کے رنگ نمایاں رہے ۔

دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ ہمارے دل اہل فلسطین کی وجہ سے زخمی ہیں ،ان کے حالات پریشان کن ہیں ،اسی لیے الخدمت نے ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے اور ان کیلئے خصوصی دعائیں کی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الخدمت جلد ان کیلئے امدادی سامان بھی بھیجے گی نوید علی بیگ نے ماہ مقدس رمضان میں فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے عطیات ، اہل خیر کی جانب سے زکوٰة ،عطیات اور فطرہ الخدمت کو دینے کے عمل کو سراہا اور ان سے اظہار تشکر کیا ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ جن لوگوں نے دکھی انسانیت کیلئے الخدمت کو عطیات دیے ہیں، انہوں نے براہ راست اللہ سے تجارت کی ہے ۔الخدمت سارا سال خدمت کے کام کر تی ہے ۔ پاکستان اور پاکستان سے باہر لوگ اس پر اعتماد کرتے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں نے الخدمت کا دل کھول کر ساتھ دیا ۔الخدمت ان تمام اہل خیر کی مشکور ہے جنہوں نے الخدمت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ وہ آئندہ بھی الخدمت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں ۔#