عوام کو مشکل ،تکلیف سے نکالنا ہماری ذمے داری ہے ،میر سرفراز احمد بگٹی

تمام فیلڈ افسران کو جووسائل اور سپورٹ درکار ہے فراہم کریں گے،وزیر اعلیٰ بلو چستان

پیر 15 اپریل 2024 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ عوام کو مشکل اور تکلیف سے نکالنا ہماری ذمے داری ہے تمام فیلڈ آفیسرز کو جووسائل اور سپورٹ درکار ہے فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بارشوں کی صورتحال پر صوبے کے ڈویڑنل کمشنرز اور پی ڈی ایم اے حکام کے ساتھ ہو نے والے آن لائن اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے کی مجموعی بارشوں کی صورتحال پر بریفنگ دی،ترجمان حکومت بلو چستان شاہ رند نے کہا کہ بلوچستان میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں رین اور اربن فلڈ ایمرجنسی نافذ کرکے تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں 16اپریل کو سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز احمد بگٹی نے بارشوں کی صورتحال سے متعلق صوبے کے ڈویڑنل کمشنرز اور پی ڈی ایم اے حکام کے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے نکاسی آب نہ ہونے کی عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ تمام فیلڈ آفیسرز کو جو وسائل اور سپورٹ درکار ہے فراہم کریں گے عوام کو مشکل اور تکلیف سے نکالنا ہماری ذمے داری ہے فیلڈ افسران نکاسی آب کے نالوں پر موجود انکروچمنٹ کو ختم کریں۔