چین میں جانوروں کے فارمز سے جانوروں سے انسانوں کو متاثر کرنے والے خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے.عالمی ادارہ

دوصوبوں میں لومڑیوں، کتوں اور دیگر جانوروں کے قریب مرغیوں کے فارمز کا جائزہ لیاگیا‘جانوروں میں سانس لینے میں مشکل کے ایسے وائرس پائے گئے جو آرام سے ایک سے دوسرے جانور اور پھر انسانوں میں منتقل ہو سکتے ہیں.جانوروں کے تحفظ اور صحت کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 اپریل 2024 23:06

چین میں جانوروں کے فارمز سے جانوروں سے انسانوں کو متاثر کرنے والے خطرناک ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اپریل۔2024 ) جانوروں کے تحفظ اور صحت سے متعلق کام کرنے والے عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ چین میں جانوروں کے متعدد فارمز سے جانوروں سے انسانوں کو متاثر کرنے والے خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جانوروں کے تحفظ اور صحت کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے چین میں سال 2023 کے آخر میں مختلف صوبوں کے جانوروں کے فارمز کا جائزہ لیا تھا.

تنظیم نے چین کے صوبے ہیبی اور لیوننگ میں لومڑیوں، کتوں اور دیگر جانوروں کے قریب مرغیوں کے فارمز کا جائزہ لیا تھا اہلکاروں نے جانوروں کی صحت کا بھی بغور جائزہ لیا تھا.

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرین نے فارمز میں جانوروں کو رکھے جانے، انہیں دی جانے والی خوراک اور آب ہوا سمیت ان کے جسم اور کھال میں پیدا ہونے والے انفیکشنز اور بیماریوں کو دیکھا ماہرین نے پایا کہ بعض جانوروں کی حالت اس قدر خطرناک تھی کہ وہ دوسرے صحت مند جانوروں کو بیمار کرنے کی حالت میں تھے اور ان میں سانس لینے میں مشکل کے ایسے وائرس پائے گئے جو آرام سے ایک سے دوسرے جانور اور پھر انسانوں میں منتقل ہو سکتے ہیں.

عالمی ادارے کے ماہرین نے چین میں کتوں اور لومڑیوں کے مرغیوں کے قریب موجود فارمز میں جانوروں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ فارمز سے بڑے پیمانے پر جانوروں سے انسانوں میں وائرس پھیل سکتے ہیں. چین کی حکومت نے عالمی ادارے کے خدشات پر کوئی بیان جاری نہیں کیا جب کہ بتایا جا رہا ہے کہ چین مذکورہ جانوروں کو کھال حاصل کے لیے پال رہا ہے جو مختلف ممالک میں بھیجی جاتی ہے چین میں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والے خطرناک وائرس پھیلنے کے خدشات پہلی بار سامنے نہیں آئی، ماضی میں بھی کورونا کے وقت یہ دعوے کیے گئے تھے کہ کورونا چین کی مچھلی مارکیٹ سے دنیا بھر میں پھیلا جب کہ چین ایسے دعووں کو مسترد کرتا رہا.

متعلقہ عنوان :