غیر حاضر ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل سٹاف کسی رعایت کے مستحق نہیں ،کمشنر لورالائی بالاچ عزیز

منگل 16 اپریل 2024 20:35

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) کمشنر لورالائی ڈویژن بالاچ عزیز نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا مریضوں سے بات چیت کی۔ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر لورالائی سجاد اسلم بلوچ بھی تھے۔کمشنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو علاج معالجہ کے بہتر سہولیات کی فراہمی ہے جس کے لئے صحت کارڈ کا اجراء بھی کیا گیا انہوں نے کہاکہ غیر حاضر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کسی رعایت کے مستحق نہیں کیونکہ ان واسطہ ایک ایم شعبہ سے ہیں اور ان کو تنخواہیں اور مراعات بھی حاصل ہیں اس کے باوجود ڈیوٹی نہ کریں تو یہ ظلم ہے اس موقع پر قائمقام ایم ایس ڈاکٹر کاشف محمود نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو علاج معالجے کی سہولیات اوردرپیش مسائل سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ روزانہ تقریباً 400 سے 500 تک او پی ڈی ہوتی ہیں اس کے علاوہ شعبہ حادثات اور گائنی کیسز علیحدہ ہیں،ہسپتال میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے سٹی سکین ،ڈائلاسز ، آ لٹراساونڈ ، ایکو کی مشینیں بجلی کے بغیر کام نہیں کر تی ، اس کے علاوہ دیگر ضروری کاموں کے وقت جنریٹر استعمال کرتے ہیں اور صفائی کے لئے صرف دو ملازم ہیں جوکہ اتنے بڑے ہسپتال کے لئے ناکافی ہیں پانی کی کمی ہے حالانکہ گائنی وارڈ میں پانی کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے ادویات ایمرجنسی کے وقت کے لئے دستیاب ہیں ہسپتال میں مستقل ڈاکٹرز کے علاوہ میڈیکل کالج کے پروفیسر بھی یہاں پر وقتاً فوقتاً ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر لورالائی ڈویڑن بالاچ عزیز نے اس موقع پر ایکسین پی ایچ اء اور ایکسین واپڈا سے رابطہ کیا ہسپتال میں بجلی اور پانی کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر سجاد اسلم بلوچ نے ہسپتال کے لئے کنٹرکٹ پر تین مزید سویپر تعینات کرنے کا وعدہ کیا۔بعد ازیں کمشنر بالاچ عزیز نے بی ایچ او کلی مہول بلوچ خان کا معائنہ کیا ادویات سٹور اور حاضری رجسٹر چیک کیا اور مریضوں کی تعداد اور علاج معالجے سے آ گاہی حاصل کی۔