وزیر اعلٰی بلوچستان سے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کی ملاقات

منگل 16 اپریل 2024 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کوسیکرٹری ویلفیئر فنڈ منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار خان نے ملاقات کی اور بلوچستان میں جاری سوشل سیکورٹی پروگرام سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 19 ہزار ورکرز سوشل سیکورٹی پروگرام میں رجسٹر ہیں جس میں 90 فیصد رجسٹریشن مائینز میں کام کرنے مزدوروں کی ہے ان ورکرز کے بچوں کو حکومت پاکستان ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت تعلیمی سپورٹ فراہم کی جارہی ہے وزیر اعلٰی بلوچستان نے سوشل سیکورٹی کے تحت ورکرز فنڈز کو سراہتے ہوئے تعلیمی اداروں میں روایتی ڈگری پروگرام کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کی ہنر مندی پر مبنی تعلیم کے فروغ پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے دستیاب وسائل میں ہر نوجوان کو سرکاری شعبوں میں ملازمت نہیں دی جاسکتی دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل افراد کی مانگ ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم بھی اپنے جوانوں کو ہنر مند بناکر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلٰی نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت قائم اداروں میں انٹر ٹیک اور میٹرک ٹیک میں فنی تربیت و مہارت کے ایسے پروگرام متعارف کرائے جائیں جس کی عالمی اور قومی مارکیٹ میں مانگ ہے ایسے ادارے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بھی قائم کئے جاسکتے ہیں جس کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔